لاڈر ہل: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 میچ میں 14 رنز سے شکست دے کر سیریز کا کامیاب آغاز کیا ہے۔ پاکستان نے 179 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 164 رنز تک محدود رہی۔
یہ میچ فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں کھیلا گیا، جہاں ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، جس میں صائم ایوب نے 57 اور فخر زمان نے 28 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔ حسن نواز نے 24، فہیم اشرف نے 16 اور صاحبزادہ فرحان نے 14 رنز بنائے۔ کپتان سلمان علی آغا اور محمد حارث بالترتیب 11 اور 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمار جوزف نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور شیفرڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کمزور رہی۔ جانسن چارلس اور جیول اینڈریو 35، 35 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے، لیکن باقی کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ شائے ہوپ صرف 2 رنز پر آؤٹ ہوئے، اور گدیش موتی، شرفین ردرفورڈ، روسٹن چیز اور ریموریو شیفرڈ بھی جلد ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ جیسن ہولڈر 30 اور شمار جوزف 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، مگر یہ ویسٹ انڈیز کی فتح کے لیے کافی نہ تھا۔
پاکستان کی طرف سے محمد نواز نے 3 اور صائم ایوب نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
صائم ایوب کی شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس نے انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دلایا۔ انہوں نے 38 گیندوں پر 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور 20 رنز دے کر ویسٹ انڈیز کے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے اس میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی۔