سلمان اکرم راجہ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، دیگر رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت

05:32 PM, 1 Apr, 2025

راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی سے ملاقات کے لیے نامزد کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، جبکہ دیگر اہم رہنماؤں جیسے اعظم خان سواتی، تابش فاروق، مبشر اعوان اور انصر کیانی کو ملاقات کی اجازت دی گئی۔ اس کے علاوہ، شعیب شاہین اور نیاز اللہ نیازی کو بھی ملاقات سے روک دیا گیا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے اس صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا، "اگر میں نے ملاقات کے لیے نام دیے ہیں، تو پھر مجھے ملاقات کی اجازت کیوں نہیں ملی؟" ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی غیر منصفانہ ہے کہ وہ اجازت سے محروم رہ گئے ہیں، جب کہ دیگر افراد کو اجازت دی جا رہی ہے۔

سلمان اکرم راجہ کی ہدایت پر وکیل تابش فاروق اور انصر کیانی ملاقات کے لیے جیل نہ گئے، تاہم اعظم خان سواتی، مبشر اعوان اور نادیہ خٹک ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل روانہ ہو گئے۔ جیل حکام کے ساتھ گفتگو کے دوران سلمان اکرم راجہ نے جیلر سے کہا، "آپ نمبر پورے کر رہے ہیں، ہم دو افراد کو روک کر باقی کو اجازت دے رہے ہیں، آپ مجھے اور نیاز اللہ نیازی کو بھیجیں۔" جیلر نے جواب میں کہا کہ پہلے جن افراد کو اجازت دی گئی ہے، وہ ملاقات کریں گے، اور اس کے بعد دیگر افراد کو ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔

سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو اس کا علم ہوا تو وہ برا منائیں گے، اس لیے اس صورتحال پر مزید وضاحت کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں