جلسہ بھی ہوگا اور دھرنا بھی ،مولانا فضل الرحمن کا اہم اعلان
31 اکتوبر 2019 (16:56) 2019-10-31

راولپنڈی: سانحہ تیز گام کے بعد مولانا فضل الرحمن کے آزادی مار چ کے ملتوی ہونے کی خبریں گردش کرنے لگیں جس کے بعد مولانا فضل الرحمن نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاتمام قافلے منزل کی جانب رواں دواں ہیں ،منزل پر پہنچنے کے بعد عوام سے خطاب کیے جائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب کی طر ف سے دھرنا ملتوی کرنے کے اعلان پر جمعیت علماءاسلام ف کی قیادت نے سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا احتجاجی مارچ میں جلسہ اور دھرنا بھی ہوگا ،تمام قافلے اپنے وقت اور ترتیب کے مطابق اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے ۔

بعد ازاں پریس کانفرنس میں جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ جلسہ ایک دن کے لیے موخر کر دیا گیا ہے۔ کنٹینر ہمارا راستہ نہیں روک سکتے، ان کا کہناتھا کئی راستے بند کیے گئے ہیں ،اگر ان رکاوٹوں کو نہ ہٹا یا گیا تو تصادم ہو سکتا ہے ، زیرو پوائنٹ سے ڈی چوک تک بند کیا جاتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 31 اکتوبر کا جلسہ سانحہ رحیم یار خان کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔


ای پیپر