ٹرین سانحہ کی وجہ سامنے آگئی
31 اکتوبر 2019 (15:00) 2019-10-31

رحیم یار خان: لیاقت پور ٹرین سانحہ کے بارے میں متضاد خبریں آرہی ہیں جبکہ اب انکشاف ہوا ہے کہ سانحے کی وجہ سلنڈر دھماکہ نہیں بلکہ شارٹ سرکٹ سے بوگیوں میں آگ لگی۔

عینی شاہدین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رات سے ہی بوگی نمبر 12 میں جلنے کی بو آ رہی تھی، سپارک سے متعلق انتظامیہ کو آگاہ کیا لیکن کچھ نہ کیا گیا، چلتی ٹرین سے چھلانگیں لگا کر جان بچائی۔ پاکستان ریلوے میں حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، گزشتہ ایک سال میں ریکارڈ 80 ٹرین حادثات ہوچکے ہیں، ریلوے ریکارڈ کے مطابق جولائی 2018 سے جولائی 2019 تک چھوٹے بڑے 80 کے قریب ٹرین حادثے ہو چکے ہیں۔سب سے زیادہ جون میں 20 حادثات ہوئے جس میں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ محکمہ ریلوے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، یکم جون کو لاہور یارڈ میں ریلیف ٹرین ڈی ریل ہوگئی۔

3 جون کو عید سپیشل ٹرین لالہ موسیٰ سٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔5 جون کو فیصل آباد اسٹیشن کے قریب شاہ حسین ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں، 5 جون کو ہی کراچی ڈویژن میں ٹرین کو حادثہ پیش آیا اور تھل ایکسپریس کی 5 بوگیاں کندھ کوٹ کے قریب پٹڑی سے اترگئیں۔ 20 جون کو حیدرآباد سٹیشن کے قریب جناح ایکسپریس مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔


ای پیپر