فائل فوٹو

سعودی عرب، یو اے ای کا مشترکہ ویزا جاری کرنے کا اعلان
31 اکتوبر 2019 (13:37) 2019-10-31

یو اے ای کے وزیر معیشت سلطان المنصوری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور یو اے ای نے مل کر ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر بہت سارے معاملات طے پا چکے ہیں جبکہ مزید گفت و شنید ابھی جاری ہے۔ مشترکہ ویزا جاری کرنے کا مقصد سعودی عرب اور یو اے ای کے شہریوں کو آزادانہ اور آسانی سے ایک دوسرے کے ملک جانے میں سہولت میسر آئے گی۔

امید کی جارہی ہے کہ نیا مشترکہ ویزا 2020 سے شروع ہو جائے گا۔ سعودی حکومت نے یہ اقدام کرنے میں پہل کرتے ہوئے یو اے ای سے اس حوالے سے بات کی تھی کیونکہ اس سے ان کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ زرِ مبادلہ کمانا تھا۔

وزیر معیشت المنصوری کا کہنا تھا کہ مشترکہ ویزا کا منصوبہ ان چند ترجیحات میں سے ایک ہے جو دونوں حکومتوں کے درمیان زیر بحث ہیں اور جن پر بہت زیادہ حد تک معاملات مکمل ہو چکے ہیں۔

یو اے ای اور سعودی عرب کے متعلقہ افسران اس وقت مشترکہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ اس اقدام کے اصول و ضوابط اور دائرہ کار کو وضع کیا جا سکے۔ المنصوری کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اقدام کا مقصد دونوں ممالک میں کام کرنے والی نیشنل کمپنیوں کو آسانی اور آزادانہ طریقے سے ایک دوسرے کے ملک میں کام کرنے کی سہولت دینا ہے اس سے دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھے گا اور خوشحالی آئے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پروازوں کی تعداد اس وقت بھی مناسب ہے لیکن ہماری خواہش ہے کہ یہ دوگنا ہو جائے تاکہ دونوں ممالک زیادہ سے زیادہ زرِ مبادلہ کما سکیں۔ مشترکہ ویزا کا منصوبہ سیاحت کو فروغ دے گا جس سے سرمایہ کاری جیسا کہ ہوٹلنگ اور کھانے پینے کا کام بڑھ جائے گا۔

وزیر معیشت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور یو اے ای کے درمیان جتنے معاہدے ہونے جا رہے ہیں یہ ان میں سے ایک اہم معاہدہ ہے جو سب سے پہلے مکمل ہو گا۔


ای پیپر