صوبے کے 15تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں پر کام جاری ہے : شہباز شریف
31 مئی 2018 (22:08) 2018-05-31

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا مونکی کے تعمیر نو کے منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کا دورہ کیااورعلاج معالجے کی جدید سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔مریضوں نے محمد شہبازشریف کو ڈھیروں دعائیں دیںا ور کہا کہ شہبازشریف آپ میں دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے ۔ آپ نے اس ہسپتال کو ترقی یافتہ ملکوں کے ہسپتالوں کے برابر بنا دیا ہے ۔


وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر آکر دکھی انسانیت کو مسائل نہیں بلکہ دکھوں کا مداوا ہوتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صحت کے شعبہ میں بہت بہتری لائے ہیں۔ ہسپتالوں کو حقیقی شفا خانے بنانا میرا مشن تھا جسے پورا کر رہا ہوں۔ میرا آپ سے رشتہ پہلے بھی تھا اور آئندہ بھی رہے گا۔ انہوںنے کہا کہ آج پنجاب کے ہسپتال جدید مشینوں، اعلیٰ ادویات اور ماڈرن لیبز سے آراستہ ہیںاور آپ کا بہترین علاج معالجہ دیکھ کر میرا خون بہت بڑھ گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں انقلابی نوعیت کی اصلاحات کی ہیںاورصحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر کیا ہے ۔


انہوں نے کہا کہ ضلعی ہسپتالوں کی تعمیر نو کے ساتھ صوبے کے 100 تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی تعمیر نو کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے اوراس حوالے سے 15تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں پر کام جاری ہے ۔کامونکی تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال بھی ان میں شامل ہے ۔اس پروگرام کے تحت ہسپتالوں میں نئے شعبے بنائے جارہے ہیں اورطبی سہولتوں کو بہتر کیا جا رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کامونکی میں تعمیر نو کا کام جلد مکمل ہوجائے گا۔انہوںنے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو اپنے حکومت کے پہلے سال میں 85تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی تعمیر نو کو مکمل کیا جائے گااوران میں تمام ضروری شعبہ جات قائم کیے جائیںگے۔انہوںنے کہاکہ ملک کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں عام آدمی کو وہی ادویات مل رہی ہیں جواشرافیہ استعمال کرتی ہے ۔رواں سال ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی پر 6ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ لاہور ،فیصل آباد ،راوالپنڈی،ملتان اوربہاولپور میں سٹیٹ آف دی آرٹ لیبز بنائی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ میں 7ارب روپے کی لاگت سے جناح انٹرچینج بنایاگیاہے جو ایک عجوبہ ہے اور اس سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی دعائیں میرے لئے قیمتی اثاثہ ہیں اورمجھے عوام کی حقیر خدمت پر صرف دعائیں ہی چاہئیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی کاوشوں سے ملک پر چھائے بجلی کے اندھیرے چھٹ گئے ہیں۔آج گرم ترین دن ہے اس کے باوجود عوام کو بجلی مل رہی ہے ۔2013ء میں بجلی جاتی تھی تو واپس نہیں آتی تھی ۔


ای پیپر