فوٹو بشکریہ فیس بک

ہماری حکومت موجودہ حکومت سے کہیں بہتر تھی: خورشید شاہ
31 مارچ 2019 (12:23) 2019-03-31

سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کسی کی خواہش پر جمہوریت نہیں چل سکتی، میں نہیں مانتا کہ آج ملک میں جمہوریت ہے۔

غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا عذاب ہمارے گلے پڑا، ہم کسی کو نہیں پاکستان کے عوام کو بچانا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے روزگار اور گھر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن پی ٹی آئی کی حکومت ملک میں مہنگائی کا طوفان لے آئی ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے پنوعاقل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران قرضہ لے کر شرمندگی کے بجائے اظہار مسرت کرتے ہیں، ہمارے حکمران کشکول اٹھا کر گھومتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو چلانے کیلئے ذوالفقار بھٹو نے آئین دیا، بھٹو نے پاکستان کو نیوکلیئر پاور بنایا، ذوالفقار بھٹو نے ایٹم بم بنا کر سرحدوں کی حفاظت کا اعلان کیا تھا، کوئی دشمن ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں ہماری حکومت موجودہ حکومت سے کہیں بہتر تھی، انہوں نے کہا کہ عمران خان بے نظیر کا نام بی آئی ایس پی سے ہٹانا چاہتے ہیں، بے نظیر کا نام لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکا ہے، کس کس کے دل اور ذہن سے بے نظیر کا نام نکالوں گے ؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان بے نظیر کا نام ہٹاتا رہے گا لیکن ہم آگے بڑھتے رہیں گے، پیپلزپارٹی کارڈ نہیں خون سے زندہ ہے، بے نظیر اور ذوالفقار بھٹو کا نام خون سے لکھا گیا ہے۔


ای پیپر