Source : Yahoo

پاکستان کو کرکٹ کے میدانوں میں بھی نمبرون لائینگے :چیئرمین تحریک انصاف
31 جولائی 2018 (22:23) 2018-07-31

ورلڈ کپ 1992کے کپتان نے 2018میں بھی اپنی کپتانی میں بڑی کامیابی حاصل کرلی ،انہوں نے گزشتہ 30سالوں سے حکومت کرنے والی سیاسی جماعتوں کو ایسی شکست دی جس میں بڑے بڑے بُرج بھی اُلٹ گئے ۔کپتان کی اس کامیابی پر کرکٹ ٹیم کی خوشی بھی کسی سے کم نہیں تھی ،چیئرمین تحریک انصاف کو مبارکباد دینے خود بنی گالہ پہنچ گئے ۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے قومی ٹیم کے کرکٹرز کی ملاقات ہوئی ، اس موقع پر عمران خان نے قومی ٹیم کو یقین دہانی بھی کروائی کہ وہ پاکستان کو کرکٹ کے میدان میں نمبر ون پرلائیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے بنی گالا میںقومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوںسے گفتگو کرتے ہو ئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کیلئے بہترین مواقع اورزیادہ میدان فراہم کریں گے، پاکستان کو کرکٹ کے میدان میں نمبر ون پرلائیں گے۔

 

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، فاسٹ بالر عمر گل اور سابق کپتان وقار یونس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ اور عمر گل بنی گالا پہنچے تو جہانگیر ترین نے ان کا استقبال کیا۔ کرکٹرز کی عمران خان سے ملاقات میں سابق کپتان وقار یونس بھی موجود تھے۔ قومی کرکٹرز نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

 

عمران خان نے سرفراز احمد سے کہا کہ پاکستانی ٹیم اچھا کررہی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ ٹیم مزید بہتر کرے گی، میری تمام تر نیک خواہشات پاکستانی ٹیم کے لیے ہیں۔ملاقات میں عمر گل نے کہا کہ آپ ہمارے ہیرو ہیں اور ہمیں آپ پر فخر ہے جب کہ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا مستقبل روشن دکھائی دیتا ہے۔


ای پیپر