پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کا پنجاب میں سادہ اکثریت کا دعویٰ
31 جولائی 2018 (14:59) 2018-07-31


اسلام آباد:تحریک انصاف اور مسلم لیگ ( ن ) نے پنجاب میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کردیا۔


تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے دعویٰ کیا کہ پنجاب سے 17 آزاد امیدواروں اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے بھی عمران خان کو اپنی وفاداری کا یقین دلادیا ہے۔چوہدری شجاعت حسین کے مطابق عمران خان کی حمایت قومی مفاد اور ملکی حالات کا تقاضا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کی مدد سے وزیر اعلیٰ پنجاب پی ٹی آئی کا ہی ہوگا۔دوسری جانب رانا ثنا اللہ نے بھی دعویٰ کیا کہ ( ن ) لیگ نے ارکان کی مطلوبہ تعداد حاصل کرلی ہے مگر رازداری کیلئے آزاد امیدواروں کے نام فی الحال سامنے نہیں لائیں گے۔


انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی پریس کانفرنس کریں گے جس میں آزاد اراکین ( ن ) لیگ کی حمایت کا اعلان کریں گے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی پنجاب میں 123 سیٹیں ہیں، 17آزاد اراکین کی حمایت کے بعد یہ تعداد 140 ہوجاتی ہے ٗ مسلم لیگ (ق) کی پنجاب میں 8 اور بلوچستان عوامی پارٹی کی ایک سیٹ ہے جس کے بعد تحریک انصاف کو پنجاب میں 149 سیٹوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل ہوچکی ہے۔


ای پیپر