فوٹوبشکریہ فیس بک

الیکشن کمیشن کے ارکان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ افسوسناک ہے: سیکرٹری الیکشن کمیشن
31 جولائی 2018 (14:14) 2018-07-31

اسلام آباد: سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ اے پی سی کا الیکشن کمیشن کے ارکان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ افسوسناک ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ امیدوار کو شکایت ہے تو قانون کے دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق راستہ اختیار کریں۔ اے پی سی کا الیکشن کمیشن کے ارکان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ افسوسناک ہے۔ بغیر ثبوت کے الزامات حقائق کے منافی ہیں، الیکشن کمیشن توقع رکھتا ہے کہ سیاسی جماعتیں عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے نتائج کو تسلیم کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزادانہ طور پر عوام نے انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابات میں ٹرن آؤٹ 52 فیصد رہا۔ انتخابات شفاف اور غیرجانبدارانہ ہوئے۔ عالمی مبصرین نے بھی انتخابات کو شفاف قرار دیا۔ تمام امیدوار اور سیاسی جماعتیں انتخابی نتائج کو تسلیم کریں۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ دھاندلی کے حوالے سے پورے ملک سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، الیکشن کمیشن کو کوئی شکایت ملی ہے تو اس پر فوری ایکشن لیا گیا۔ تمام پولنگ اسٹیشنز پر معیاری مواد وافر مقدار میں مہیا کیا گیا۔

بابر یعقوب نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے انتخابی لائحہ عمل مرتب کیا، سیاسی جماعتیں بلاجواز تنقید سے گریز کریں۔

 


ای پیپر