امریکہ طالبان مذاکرات ،زالمے خلیل زاد کی شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات
31 جنوری 2020 (17:52) 2020-01-31

اسلام آباد: امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زالمے خلیل زاد نے طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی ہے۔زالمے خلیل زاد اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں افغانستان قیام امن کیلئے ہونے والی کاوشوں اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے وزیر خارجہ کو طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات سے متعلق حالیہ صورت حال کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدہ طے پانے سے انٹرا افغان مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی جو نہ صرف افغانستان کیلئے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے خوش آئند ثابت ہو گا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔فریقین نےافغان امن عمل کے حوالے سے مشترکہ کاوشیں بروئے کارلانے کیلئے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


ای پیپر