فوٹو بشکریہ فیس بک

اس سال ملکی تاریخ کا مہنگا ترین حج ہوگا
31 جنوری 2019 (13:34) 2019-01-31

اسلام آباد: حج پالیسی 2019 کی آج وفاقی کابینہ منظوری دے گی۔ اس سال ملکی تاریخ کا مہنگا ترین حج ہوگا۔ حج پالیسی کا ڈرافٹ نیو نیوز نے حاصل کرلیا۔

کابینہ کی منظوری کی صورت میں 45 ہزار فی حاجی سبسڈی کی صورت میں بھی شمالی زون سے تین لاکھ اکانوے ہزار نو سو چوہتر روپے کے اخراجات ہوں گے۔ جنوبی زون سے تین لاکھ بیاسی ہزار سے زیادہ کے اخراجات ہوں گے۔ حج اخراجات میں پچھلے سال کے مقابلے میں 1 لاکھ سے زائد اضافہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق حکام وزارت مذہبی امور وفاقی کابینہ کو حج پالیسی پر بریفنگ دیں گے۔ وزارت مذہبی امور کی 45 ہزار روپے فی حاجی سبسڈی دینے کی تجویز دی گئی، جس کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے سب کو سبسڈی دینے کی سفارش کی ہے۔

رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی عازمین حج پر جائیں گے، ایک لاکھ 7 ہزار پاکستانی سرکاری سکیم جبکہ 76 ہزار سے زائد عازمین پرائیویٹ سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے 80 سال سے زائد عمر کے 10 ہزار عازمین بغیر قرعہ اندازی حج پر جائیں گے، رواں سال جج میں ہارڈ شپ کوٹہ ڈیڑھ فیصد رکھنے کی تجویز ہے۔ 3 سال سے مسلسل ناکام 10 ہزار عازمین بھی بغیر قرعہ اندازی حج پر جائیں گے، حج پالیسی میں 100 نئی نجی کمپنیوں کو حج کوٹہ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔


ای پیپر