Traffic flow, cities, Punjab, dense fog, motorway police
31 دسمبر 2020 (08:46) 2020-12-31

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند چھا گئی حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں سال 2020 کا آخری سورج طلوع ہو گیا ہے مگر پنجاب بھر میں دھند نے سورج کو دھندلا دیا ہے۔ لاہور کا درجہ حرارت 5 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹھوکر ، چوہنگ ، مراکہ اور مانگا منڈی میں دھند اس کے علاوہ حافظ آباد ، پتوکی ، پھول نگر سمیت کئی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔

شدید دھند کے باعث کئی مقامات پر موٹر وے کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دھند کے باعث موٹر وے ایم تھری لاہور سے ننکانہ تل بند رہے گی۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے ڈرائیور حضرات کو دھند کے دوران سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور ایئر پورٹ پر شدید دھند کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر ہونے سے بیرون اور اندرون ملک کے لیے 11 پروازیں منسوخ ہو گئیں ہیں جبکہ 15 تاخیر کا شکار ہوئیں جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب خوشاب میں میانوالی روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا جو موقع پر دم توڑ گیا، حادثے میں 2 افراد بھی زخمی ہوئے، ریسکیو اہلکاروں نے لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں جی ٹی ایس چوک میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار موقع پر دم توڑ گیا، جاں بحق نوجوان کی شناخت عثمان کے نام سے ہوئی، لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔


ای پیپر