سال 2020عوام کا سال ہے:وزیر اعظم عمران خان
31 دسمبر 2019 (21:43) 2019-12-31

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا اصلاحات اور عوام کی فلاح و بہبود ہے،مشکل ترین مالی حالات کے باوجود حکومتی کوششوں کے نتیجے میں معیشت کو استحکام ملا ہے ،کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، سال 2020عوام کا سال ہے، آئندہ سال میں حکومت کی بھرپور کوشش ہوگی کہ جہاں معاشی استحکام کا عمل مزید مستحکم ہو وہاں اس استحکام کے ثمرات عام آدمی تک میسر آئیں ۔

منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال، سال2019میں حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے اور آنے والے سال میں عوامی مسائل سے متعلقہ قانون سازی اور گذشتہ سال کی کامیابیوں کے ثمرات کو عوام تک پہنچانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا اصلاحات اور عوام کی فلاح و بہبود ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل ترین مالی حالات کے باوجود حکومتی کوششوں کے نتیجے میں معیشت کو استحکام ملا ہے اور کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں اقتصادی اعشاریوں میں آنے والی بہتری کا اعتراف ورلڈ بنک سمیت بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سال 2020عوام کا سال ہے۔ آئندہ سال میں حکومت کی بھرپور کوشش ہوگی کہ جہاں معاشی استحکام کا عمل مزید مستحکم ہو وہاں اس استحکام کے ثمرات عام آدمی تک میسر آئیں اور انکی زندگیوں میں بہتری واقع ہو۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ کرپشن کے ناسور نے ملک کی معیشت کو کھوکھلا کیا ہے۔ کرپشن کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کو قانون کے دائرے میں لانے اور کرپشن کے خلاف بھرپور جدوجہد جاری رہے گی۔ سینیٹرز نے معیشت کے استحکام اور بہتری کے لئے حکومتی کاوشوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کی غرض سے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات خصوصاً احساس پروگرام، پناہ گاہوں کی تعمیر، لنگر خانوں جیسے متعدد اقدامات کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ سال (2020)میں عوامی مفادات اور عوام سے متعلق مسائل کے حل کو اجاگر کرنے اور اس سلسلے میں قانون سازی پر بھرپور توجہ دی جائے۔


ای پیپر