فوٹوبشکریہ فیس بک

شاہ محمود قریشی کی 2 اکتوبر کو امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات ہوگی
30 ستمبر 2018 (12:09) 2018-09-30

نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نیویارک میں آج آخری روز، کل واشنگٹن جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے 6 روز میں 54 اہم ملاقاتیں کیں اور مختلف ممالک کے وزرا سے علاقائی تعاون سمیت دیگر اہم ایشوز پر بات چیت کی۔ شاہ محمود قریشی کی 2 اکتوبر کو امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات ہوگی۔ مائیک پومپیو سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور زیر غور آئیں گے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے 73 ویں جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے موجودہ انتخابات میں تبدیلی کے لیے ووٹ دیا اور اپنی مرضی کی حکومت لائے، عمران خان کی قیادت میں ہم نے نئی پاکستان کی داغ بیل ڈالی، لیکن پاکستان کو تنہا کرنے کی قوتیں غالب ہوتی نظر آرہی ہیں، پاکستان اپنے قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر کے مسئلے کا حل نہ ہونا خطے کے امن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بھارت دہشت گردی کی آڑ میں منظم قتل عام کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے، بھارت اکثر کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتا آیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے اقوام عالم کے سامنے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کو فروغ دیا ہے، 7 دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام انسانی حقوق کی پامالی سہتے آرہے ہیں۔


ای پیپر