لبنانی وزیراعظم کا مستعفی ہونے کا اعلان
کیپشن:   فائل فوٹو سورس:   
30 اکتوبر 2019 (10:28) 2019-10-30

بیروت: لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے ملک میں جاری حکومت مخالف احتجاج کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

لبنانی وزیراعظم نے ٹیلی وژن پر قوم سے مختصر خطاب میں اپنے استعفے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ صدارتی محل جا کر استعفیٰ صدر میشیل عون کے حوالے کر دیں گے جہاں لبنانی صدر اپنی صوابدید کے مطابق اس پر اپنا فیصلہ کریں گے۔

سعد الحریری کے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد حکومت مخالف مظاہرین کی جانب سے جشن منایا جا رہا ہے جبکہ بعض مظاہرین کا اب بھی مطالبہ ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ دیگر اعلیٰ حکام بھی استعفیٰ دیں۔

واضح رہے کہ عرب ملک لبنان میں گذشتہ دو ہفتوں سے معاشی بحران سمیت حکومتی اراکین کی کرپشن اور اقربا پروری کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔ یہ احتجاج 17 اکتوبر کو اس وقت شروع ہوا جب حکومت کی جانب سے واٹس ایپ کال پر ٹیکس کا نفاذ کیا گیا۔


ای پیپر