rocket,launcher,struck,military base,Afghanistan
30 نومبر 2020 (22:14) 2020-11-30

کابل:افغانستان کے صوبے بدغیث کے فوجی اڈے پر راکٹ لانچر سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں بریگیڈیئر عبدالناصر نورستانی ہلاک اور 10 اہلکار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبے بدغیث کے علاقے بالامرغا میں واقع فوجی کیمپ پر جنگجوئوں نے راکٹ لانچر سے حملہ کردیا،حملہ اتنا اچانک تھا کہ افغان فوج کو سنبھلنے اور جوابی کارروائی کا موقع نہیں مل سکا۔راکٹ لانچر حملے میں افغان فوج کی انفینٹری بریگیڈ سوم کے چیف عبدالناصر نورستانی ہلاک اور 10 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

افغان فوج کے ترجمان نے حملے سے متعلق میڈیا کو فراہم کی گئی تفصیلات میں ذمہ داری طالبان پر عائد کی ہے تاہم طالبان کی جانب سے حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔گزشتہ روز غزنی میں افغان فوجی بیس پر خود کش حملے میں 31 اہلکار ہلاک اور 24  زخمی ہوگئے تھے جن میں اکثریت کمانڈوز کی تھی جبکہ دوسرے خود کش حملے میں زابل کے صوبائی کونسل کے چیف بال بال بچ گئے تاہم قافلے میں شامل 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔


ای پیپر