PDM jalsa, IG Punjab, roadblocks, Multan, Maryam Nawaz
30 نومبر 2020 (14:35) 2020-11-30

لاہور: آئی جی پنجاب نے پی ڈی ایم کے جلسے کے شرکاء کے راستوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد رکاوٹیں ہٹانے کا حکم جاری کیا۔ حکم موصول ہونے کے بعد لاہور سمیت دیگر علاقوں میں رکاوٹیں ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مرکزی رہنما اگر ریلی کی صورت میں آئیں تو مزاحمت نہ کی جائے۔

ادھر آئی جی پنجاب کے حکم کے بعد معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملتان جلسے کے راستے سے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کارکن یا سیاسی رہنما کے راستے میں رکاوٹ کھڑی نہیں کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہا ہے اس لیے ملتان میں حکومت غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے۔ ملتان جلسہ سٹیڈیم کے اندر ہو یا باہر ، جلسہ ضرور ہوگا۔

خیال رہے کہ مریم نواز شریف جاتی امرا اپنی رہائش گاہ سے ملتان جلسے کے لیے روانہ ہوئیں تو روانگی سے قبل مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی غم پیچھے چھوڑ کر قوم کے غم کی خاطر ملتان جلسے میں شریک ہونے کے لیے جا رہی ہوں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے ایک ٹویٹ بھی کی جس میں انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کی سرزمین کے باسیو! قوم کی بیٹیاں تمھارے پاس آرہی ہیں۔

مریم نے کہا کہ کسی کارکن یا لیڈر کو گرفتار کرنے سے تحریک رکنے والی نہیں۔ نوکری بچانے کے لیے یہ حکومت کچھ بھی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک پر مشکل آئی تو پاکستان کی بیٹیاں آصف بھٹو اور مریم نواز کی شکل میں باہر نکلیں۔


ای پیپر