PDM jalsa, Multan, stadium, Ayaz Sadiq, Maryam Nawaz
30 نومبر 2020 (11:31) 2020-11-30

لاہور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ اسٹیڈیم کے اندر یا اس کے باہر ضرور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پُر امن جلسہ کرنا ہر پاکستانی کا حق ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ حکومت نے ایک دن میں ختم ہونے والے جلسے کو چار روز تک خبروں کی زینت بنایا ہوا ہے۔

لیگی رہنما نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی وبا کے پھیلنے کا اتنا ڈر ہے تو کل جماعت اسلامی کو جلسہ کرنے کی اجازت کیوں دی گئی۔ انہوں نے حکومت سے پوچھا کیا سکھ یاتریوں کے تہوار میں وبا نہیں پھیلتا؟ ایاز صادق نے کہا کہ اگر لاٹھی چارج ہوا تو اس سے ہمارے موقف کو تقویت ملے گی۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز ملتان جلسے کے لیے روانہ ہوچکی ہیں۔ اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا تھا کہ میں اپنا ذاتی دکھ چھوڑ کر عوام کی خاطر ملتان جلسے میں جا رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملتان جلسے میں شریک ہونے کی ہدایت کی تھی۔

گزشتہ روز پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو واضح کیا تھا کہ ملتان جلسہ ہر صورت ہو گا ، اس حوالے سے انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ہر حال میں ملتان پہنچیں۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت سال 2018 میں میاں نواز شریف کے استقبال کے لیے ریلی نکالتے ہوٸے ہنگامہ آراٸی کیس میں لیگی ایم این اے ایاز صادق اور ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق سمیت چار افراد کی عبوری ضمانتوں میں 18 دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے کیس پر سماعت کی، عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔


ای پیپر