Second wave, pandemic, NCOC, smart lockdown, PM Imran Khan
30 نومبر 2020 (09:40) 2020-11-30

لاہور: عالمی وبا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ، ایک دن میں مزید 40 افراد جان گنوا بیٹھے ، جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزار 25 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 839 نئے کیسز رپورٹ ہوئے متاثرین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 98 ہزار 24 ہوگئی جبکہ 3 لاکھ 41 ہزار 423 مریض وبا کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کی تشویشناک صوتحال کے پیش نظر اس وقت لاہور کے 26 ، راولپنڈی کے 15 علاقے سیل ہیں ، ملتان کے 7 ، لیہ 5 ، فیصل آباد اور سرگودھا کے 4 ، 4 ، گوجرانوالہ کے 3 علاقوں میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے۔

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک پیغام میں پی ڈی ایم جلسوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا وقت ہے لیکن یہ لوگ جلسے کر رہے ہیں۔

ادھر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سابق ممبر عادل صدیقی عالمی وبا کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔

دوسری جانب عالمی وبا دنیا بھر میں اب تک 14 لاکھ 65 ہزار سے زائد قیمتی جائیں نگل چکی ہے۔ 6 کروڑ 30 لاکھ 66 ہزار سے زائد لوگ وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس وقت ایکٹو کیسز کی تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ 59 ہزار کے قریب ہے۔

ترکی میں کرفیو کے باوجود کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جنوبی کوریا میں سال کے اختتام کے موقع پر ہونے والی پارٹیز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اٹلی مغرب میں وبا سے متاثر ہونے والا پہلا ملک تھا جہاں اب تک وبا سے 54 ہزار 9 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جو برطانیہ کے بعد یورپ کے کسی ملک میں اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔


ای پیپر