عوامی حقوق اور ان کی مینڈیٹ کےلئے تب تک لڑوں گا:بلاول بھٹو زرداری
30 نومبر 2019 (16:39) 2019-11-30

اسلام آباد:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دستور پسندی، قانون کی بالادستی، جمہوریت اور مساوات کے متعلق پارٹی کے بنیادی نظریات پر کاربند رہیں گے، عوامی حقوق اور ان کی مینڈیٹ کےلئے تب تک لڑوں گا، جب تک عوام کی ساختی عدم مساوات سے جان چھوٹ نہیں جاتی،پی پی پی کشمیریوں کی جدجہد برائے حقِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتی رہے گی، پارٹی کارکنان ہماری شہید قیادت کے مشن کی تکمیل تک سکھ کا سانس نہیں لیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا کہ دستور پسندی، قانون کی بالادستی، جمہوریت اور مساوات کے متعلق پارٹی کے بنیادی نظریات پر کاربند رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کی 52 سالوں پر محیط جدوجہد سے غیرمتزلزل طور ثابت قدم رہنے کا عزم کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق اور ان کی مینڈیٹ کےلئے تب تک لڑوں گا، جب تک عوام کی ساختی عدم مساوات سے جان چھوٹ نہیں جاتی۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو ہاریوں، طلبہ، دانشوروں اور پسماندہ طبقات کو طاقتور بنانے کی خاطر ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے، جمہوریت اور عوامی حقوق کےلئے سب سے بلند آواز شہید بھٹو مساوات پر مبنی پاکستان کے قیام کی جدوجہد کے علمبردار تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو مذکورہ کاز کیلئے اپنی زندگی کی آخری سانس تک لڑتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو پہلا متفقہ دستور دیا، ایک ایسی دستاویز جو آج بھی ہمارے وفاق کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ متفقہ دستور ایک ایسا جمہوری اقدام ہے جسے کوئی بھی آمر چاہتے ہوئے بھی ختم نہ کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو اور پی پی پی اس جوہری پروگرام کے معمار ہیں، جس کے باعث پاکستان اور اس کی خودمختاری بیرونی خطرات سے محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کی زیرِ قیادت پی پی پی حکومت نے سٹیل ملز، پورٹ قاسم، ہیوی ٹیکنیکل کمپلیکس سمیت بدین سے باجوڑ تک صنعت سازی کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تاسیس مظفر آباد میں منانے کا فیصلہ اس لئے کیا کیوں کہ کشمیر پارٹی اساسی ایشوز میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کشمیریوں کی جدجہد برائے حقِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتی رہے گی، پارٹی کارکنان ہماری شہید قیادت کے مشن کی تکمیل تک سکھ کا سانس نہیں لیں گے۔


ای پیپر