عمران خان 2019 میں جنوبی پنجاب کے عوام کو تحفہ دیں گے:جہانگیر ترین
30 نومبر 2018 (21:42) 2018-11-30

ملتان:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ایک منشور ہے ایک ویژن ہے‘ ہماری روایتی حکومت نہیں ہم کچھ کرکے دکھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایک منشور ہے ایک ویڑن ہے جو پی ٹی آئی کے منشور کےساتھ نہیں انہیں عوام نے ووٹ نہیں دیا۔جہانگیر ترین نے کہا کہ اب لوگوں کو قرض نہیں کاروبار کے لیے گرانٹ ملے گی، یکم جولائی تک جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ بن جائےگا، جنوبی پنجاب کے فیصلے اب یہیں ہوں گے، جنوبی صوبہ بننے میں وقت لگے گا بہت پیچیدگیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے صرف عمران خان نے سوچا ہے، عمران خان 2019 میں جنوبی پنجاب کے عوام کو تحفہ دیں گے، جنوبی پنجاب میں میں سیکریٹریٹ کا کام تاریخی ہوگا۔جہانگیرترین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہوں، ملتان جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا اور مرکزی شہر ہے، جنوبی پنجاب کے لوگوں کی ملتان تک رسائی بہاولپور کی نسبت آسان ہے۔واضح رہے کہ اگست میں ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے بھی کمیٹی بنائی گئی تھی۔


ای پیپر