قرضے میں ڈوبے پاکستان کے شہریوں کی دبئی میں 656 مزید جائیدادوں کا انکشاف
کیپشن:   فوٹو بشکریہ فیس بک
30 نومبر 2018 (16:29) 2018-11-30

اسلام آباد: قرضوں میں ڈوبے پاکستان کے شہریوں کی بیرون ممالک میں مزید جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے، ایف آئی اے کی سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں 220 مزید پاکستانیوں کی دبئی میں 656 جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائی جس میں مزید 220 پاکستانیوں کی دبئی میں 656 جائیدادوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دبئی میں جائیدادیں بنانے والے پاکستانیوں کی تعداد اب ایک ہزار 115 تک پہنچ گئی۔ ان پاکستانیوں کی دبئی میں 2 ہزار 29 جائیدادیں ہیں، 417 پاکستانیوں نے ایمنسٹی سکیم کے تحت دبئی میں جائیدادیں ظاہر کیں جبکہ ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں سندھ بازی لے گیا۔

رپورٹ کے مطابق سندھ کے 267 افراد نے ایمنسٹی سکیم کے تحت دبئی میں جائیدادیں ظاہر کیں، پنجاب کے 117، کے پی کے 4، اسلام آباد کے 2 افراد نے دبئی میں جائیدادیں ظاہر کیں جبکہ بلوچستان کے کسی شہری نے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ نہیں اٹھایا۔

رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے انکوائری افسر کے سامنے 351 پاکستانیوں نے جائیدادیں ظاہر کیں اور دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے 63 پاکستانیوں کی شناخت نہ ہوسکی اور غیر شناخت پاکستانیوں میں 9 کا تعلق پنجاب، 43 کا سندھ اور 11 کا اسلام آباد سے ہے۔


ای پیپر