ملک کے معاشی حالات میں بہت بہتری آچکی ہے: عبدالرزاق دائود
30 مارچ 2019 (16:38) 2019-03-30

پی ٹی آئی کا اہم انکشافآلاہور :وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، صنعت و پیداوار، ٹیکسٹائل و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ جب روپے کی قدر کم ہوتی ہے تو مہنگائی بڑھتی ہے ، عوام کو کچھ عرصہ مہنگائی کو برداشت کرنا پڑے گا، ملک کے معاشی حالات میں بہت بہتری آچکی ہے ،تجارتی خسارے میں کمی کے ساتھ ساتھ ادائیگیوں کے توازن میں بھی مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، ملک میں کاروباری و تجارتی رجحانات کو فروغ دینے کی غرض سے طویل المدتی پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے ۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤدنے کہا کہ جب تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو اس وقت ملک کے معاشی حالات بہت خراب تھے جن میں اب بہت بہتری آچکی ہے ۔ تجارتی خسارے میں کمی کے ساتھ ساتھ ادائیگیوں کے توازن میں بھی مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پٹاک کی جانب سے کئے جانیوالے اقدامات لائق تحسین ہیں تاہم اس میں ابھی بہتری کی بہت گنجائش موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ادارے اپنی مینجمنٹ کو درست نہیں کرینگے تو انہیں ختم کر دیا جائیگا۔ پٹاک کراچی کی کارکردگی متاثر کن ہے اور امید کرتا ہوں کہ باقی شہروں میں بھی قائم ادارے ملک میں صنعتی انقلاب لانے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔جب روپے کی قدر کم ہوتی ہے تو مہنگائی بڑھتی ہے ، عوام کو کچھ عرصہ مہنگائی کو برداشت کرنا پڑے گا،ہماری اولین ترجیح خسارے کو کم کرنا اور مہنگائی پر قابو پانا ہے ۔پاکستان میں کاروباری صلاحیت بڑھ رہی ہے اور اب صرف 22 خاندان ہی کاروبار میں نہیں بلکہ 22 ہزار سے زائد کاروبار میں آچکے ہیں،ملکی تجارتی خسارے میں بھی کمی آرہی ہے اور ہمارے اقدامات سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے ۔

عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ اگر کوئی فرد کاروبار میں نقصان اٹھاتا ہے اور ایک سے زائد مرتبہ کاروبار میں ناکام ہو جاتا ہے توپھر بھی اسے گھبرانانہیں چاہیے بلکہ اپنے مقصد کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھنی چاہئے جس کے بعد ایک وقت ایسا آئے گا کہ کامیابی اس کے قدم چومے گی۔آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کا حق ہر کسی کو حاصل ہے لیکن آ گے بڑھنے کیلئے طویل المدتی حکمت عملی پر مبنی سوچ کو اپنانا چاہئے کیونکہ ایک رات میں ترقی کی منازل حاصل کرنے کے خواہشمند افراد شارٹ کٹ کا طریقہ استعمال کرتے ہیں جس سے وہ زندگی میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔


ای پیپر