آسٹریلیا میں 8 بھارتی شہری انسانی اسمگلنگ پر گرفتار
30 مارچ 2018 (14:58)

کینبرا:آسٹریلیا میں آٹھ بھارتی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کا دعوی ہے کہ وہ کھیلوں کے صحافی ہیں اور کامن ویلتھ گیمز کے سلسلے میں وہاں پہنچے ہیں۔ ایک اور بھارتی شہری پر انسانوں کی اسمگلنگ کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔


تفصیلات کے مطابق آسٹریلین فیڈرل پولیس اور آسٹریلین بارڈر فورس نے کہاکہ نو افراد پر مشتمل یہ گروپ گزشتہ رو زبرسبین کے ہوائی اڈے پر پہنچا جہاں اس کے تمام ارکان کو حراست میں لے لیا گیا۔اطلاعات ہیں کہ یہ گروپ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کے ہوائی اڈے سے ہوتا ہوا آسٹریلیا پہنچا۔ بنکاک میں اے بی ایف کے رکن نے انہیں غیر حقیقی مسافر قرار دیتے ہوئے برسبین اطلاع کر دی تھی۔ یوں جب یہ افراد برسبین پہنچے، تو اے بی ایف کے ارکان پہلے ہی سے چوکنا تھے۔


آسٹریلوی حکام کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ان افراد نے تصدیق شدہ صحافی ہونے اور گولڈ کوسٹ گیمز کے لیے رپورٹنگ کرنے کا دعوی کیا تھا۔ تاہم اب انہیں جعلی دستاویزات اور شناخت دکھانے پر ملک بدری کا سامنا ہے۔اس گروپ کے ایک رکن اور سفر کے منتظم راجیش کمار ش پر انسانوں کی اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات بنانے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے اور جرائم ثابت ہونے پر اسے بیس سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ اس چھیالیس سالہ بھارتی شہری کو عدالت میں پیش کیا گیا۔


ای پیپر