اقتدار میں آتے ہی معاشی اصلاحات کلیدی ہدف ہو گا : پی ٹی آئی
30 جون 2018 (22:04) 2018-06-30

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے ہوتی گراوٹ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بلاروک ٹوک تیز ترین گراوٹ پریشان کن ہے، ن لیگ کی نام نہاد "تجربہ کار" ٹیم ملکی معیشت کو تباہی اور دیوالے کے دھانے پر کھڑا کرکے چلی گئی، معیشت کے بچا ئو اور بحالی کیلئے تحریک انصاف کا ایجنڈا نافذ کرنا ہوگا، اقتدار میسر آیا تو معیشت کی اصلاح و بحالی کلیدی ہدف ہوگا ۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و امیدوار این اے 54 اسلام آباد اسد عمر نے زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے ہوتی گراوٹ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نون لیگ کی نام نہاد "تجربہ کار" ٹیم ملکی معیشت کو تباہی اور دیوالے کے دھانے پر کھڑا کرکے چلی گئی،گزشتہ صرف ایک ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر کو 6 سو ملین ڈالر کا شدید دھچکہ پہنچا، اسد عمر نے کہا کہ ایک سال کے دوران زرمبادلہ کے ذخیرے میں مجموعی طور پر ساڑھے چھ ارب ڈالرز کی کمی آئی۔

انہوں نے کہا زرمبادلہ کے ذخائر میں بلاروک ٹوک تیز ترین گراوٹ پریشان کن ہے، پاکستان کے پاس 2 ماہ سے بھی کم کی برآمدات کیلئے پیسہ بچا ہے، اسد عمر نے کہا گراوٹ کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے جس پر انتہائی تشویش ہے، معیشت کے بچا ئو اور بحالی کیلئے تحریک انصاف کا ایجنڈا نافذ کرنا ہوگا، اقتدار میسر آیا تو معیشت کی اصلاح و بحالی کلیدی ہدف ہوگا۔


ای پیپر