پی ٹی آئی مرکز ٗ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں حکومت بنائے گی : محمود الرشید

30 جون 2018 (21:10)


لاہور:تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اورپنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے خیبر پختونخوا سمیت پنجاب اور مرکز میں حکومت بنانے کا دعویٰ کر دیا۔


محمودالرشید نے حلقہ پی پی160کے علاقے علامہ اقبال ٹائون، اچھرہ اور اسکے ملحقہ بازراوں میں انتخابی مہم کے سلسلے میں دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو عوام میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 100سے زائد نشستیں حاصل کرتے ہوئے ناصرف ایک بار پھر خیبر پختونخوا بلکہ پنجاب اور مرکز زمیں بھی حکومت بنائے گی ۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ آنے والے وقت میں مسلم لیگ ن کا نام لینے والا کوئی نہیں ہوگا کیونکہ عوام میں جعلی خادموں اور سادگی کا نعرہ لگا کر ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کے مکروہ چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں، مسلم لیگ ن کے امیدوار جہاں جاتے ہیں عوام ان سے سوال پوچھتے ہیں کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں کیا کیا ہے؟ جس کا جواب ن لیگ کے امیدواروں کے پاس نہیں ہے۔ اسلئے عوام نے طے کر لیا ہے کہ اس بار تحریک انصاف کو ووٹ دیکر اقتدار میں لائیں گے کیونکہ عوام کے پاس تحریک انصاف اور عمران خان کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں بچا۔


انکا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف جسے کاکردگی کہتے ہیں وہ اصل میں لوٹ مار ہے، لوٹ مار کے بعد عوام سے ووٹ مانگنے والے مایوس لوٹ رہے ہیں، لیگی امیدواروں کے پاس عوام کے سوالوں کا جواب نہیں، میں شہباز شریف سے پوچھتا ہوں،پانی نہیں، بجلی نہیں، گیس نہیں، مہنگائی کے مارے ووٹ کیوں دیں؟ اس موقع پر انہوں نے کارکنان اور بلدیاتی نمائندوں کو انتخابی مہم تیز کرنے اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں