شریف خاندان نے کسانوں کے کروڑوں روپے ادا نہیں کئے
30 جولائی 2020 (10:49) 2020-07-30

اسلام آ باد: شوگر ملزکی جانب سے کسانوں کو رقم ادا نہ کرنے کے حوالے سے شوگر کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آ گئی۔

شوگر کمیشن کی رپورٹ کے مطابق شریف خاندان کی دو شوگر ملز نے رواں سال خریدے گئے گنے کے کروڑوں روپے ادا نہیں کیے۔ رمضان شوگر ملز کے ذمہ کسانوں کے 46 کروڑ 34 لاکھ روپے واجب الادا ہیں جب کہ ہارون اختر خان کی ملکیتی دو شوگر ملز تاندلیانوالہ ون اور ٹو کے ذمہ 26 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ العربیہ شوگر ملز نے 9 کروڑ 83 لاکھ روپے، چنار شوگر ملز 8 کروڑ 74 لاکھ روپے اور حسین شوگر ملز نے کسانوں کو 6 کروڑ 60 لاکھ روپے ادا نہیں کیے۔

حق باہو شوگر ملزکے ذمہ چار کروڑ 90 لاکھ، شکرگنج ون اور ٹو کے ذمہ کسانوں کے 19 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں برس پنجاب کی 41 شوگر ملز نے ایک کھرب 75 ارب 44 کروڑ روپے کا گنا خریدا۔ شوگر ملز کی طرف سے کسانوں کو ایک کھرب 74 ارب 8 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ دوسری جانب شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ادائیگیاں مرحلہ وار کی جاتی ہیں، واجب الادا رقم جلد ادا کر دی جائے گی۔


ای پیپر