Source : Yahoo

پنجاب میں بھی ہماری حکومت ہوگی ،شاہ محمود قریشی
30 جولائی 2018 (17:49) 2018-07-30

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وفاق میں اتنی عددی اکثریت ہے جس میں مستحکم حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکے ہیں، پنجاب میں بھی ہماری حکومت ہوگی ، بلوچستان حلیفوں کے ساتھ حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے، اپوزیشن نے بھی مولانا فضل الرحمان کی تجویز کو مسترد کردیا کیونکہ دوہرا معیار نہیں ہوسکتا، جہاں نشستیں ملیں وہاں الیکشن درست باقی جگہ غلط ہیں،ملکی اور بیرون ملک کمیونٹی نے پاکستان کے ان انتخابات کو تسلیم کیا ہے اور ماضی کے انتخابات سے بہت بہتر سمجھا ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی تاریخی کامیابی پر عمران خان کو مبارک باد دی جارہی ہیں۔کثیر الجماعتی کانفرنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جو سیاسی رہنما اپنی توقعات کے مطابق نتائج حاصل نہیں کرسکے، انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی لیکن ہمیں اس کانفرنس سے یہ کامیابی ہوئی کہ اپوزیشن نے مولانا فضل الرحمن کی درخواست کو مسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن کی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ ہمیں حلف لینے نہ جائے لیکن تمام جماعتوں نے مولانا کی اس تجویز کومسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ غیر جمہوری اور غیر سیاسی فعل ہوگا اور اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ان سیاسی جماعتوں کی جانب سے مثبت رجحان ہیں کیونکہ دہرا معیار نہیں ہوسکتا، اب ہم نے آگے بڑھنا ہے اور دیکھنا ہے کیونکہ پاکستان کے لوگوں نے اہم فیصلہ سنایا ہے اور ہمارے نئے پاکستان کے تصور کو قبول کیا ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نئے پاکستان کے تصویر کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، بین الاقوامی کمیونٹی سے آنے والی حمایت نے ہمارے حوصلے بڑھائے ہیں اور تمام طبقے انتخابات کو درست سمجھتے ہوئے آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں استحکام آیا ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں قوم سے درخواست کروں گا کہ ہمارا ساتھ دیں اور ان قوتوں کو شکست دیں جو رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مرکز میں ہماری پوزیشن مستحکم ہے، ہم مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کے علاوہ ہماری اتنی پوزیشن ہے کہ ہم حکومت بنانے میں آگئے ہیں۔شاہ محمود نے دعوی کیا کہ پنجاب میں نمبرز گیم میں (ن) لیگ سے آگے جاچکے ہیں، (ق)لیگ کے ساتھ معاملات آگے بڑھ چکے ہیں، چوہدری شجاعت اور پرویز الہی نے ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ بہت سے آزاد امیدوار آگئے ہیں لہذا پنجاب میں بھی ہماری حکومت ہوگی ، بلوچستان حلیفوں کے ساتھ حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ بلا جوازہے، اسی کمیشن کی سربراہی میں تمام الیکشن ہوئے اور صوبوں میں اسی الیکشن کے نتیجے میں اپنی حکومتیں بنارہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ لوگوں نے نئے پاکستان کے تصور اور ویژن کو قبول کیا ہے، ہم نئے پاکستان کے تصور کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔


ای پیپر