فوٹوبشکریہ فیس بک

ون ڈے رینکنگ ، پاکستانی کھلاڑیوں کو محنت کا صلہ مل گیا
30 جولائی 2018 (10:53) 2018-07-30

دبئی : قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی نئی رینکنگ میں ٹاپ 20 بلے بازوں میں بھی اپنی جگہ بنالی ہے ، ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم نے بھی رینکنگ میں ترقی پائی ہے۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی نئی رینکنگ کے مطابق زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں 515 رنز سکور کرنے والے فخر زمان آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں 22 درجے ترقی پاکر 38ویں سے 16 نمبر پر آگئے ہیں ،فخر زمان اب بابر اعظم کے بعد ٹاپ 20 بلے بازوں میں جگہ بنانے والے دوسرے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ بابر اعظم نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں 184رنز سکور کرکے رینکنگ میں برطانوی بلے باز جو روٹ (818پوائنٹس) سے دوسری پوزیشن ایک بار پھر چھین لی ہے اور اب انہیں برطانوی ٹیسٹ کپتان جو روٹ پر 7پوائنٹس کی برتری حاصل ہے ، بھارتی کپتان ویرات کوہلی 911 پوائنٹس کے ساتھ اب بھی پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔

فخر زمان کے اوپننگ پارٹنر امام الحق نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں 3سنچریوں کی مدد سے 395 سکور کرکے ون ڈے رینکنگ میں 121 سیڑھیاں پھلانگ کر 43ویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔

باو لرز کی فہرست میں لیگ سپنر شاداب خان اور آل راو نڈر فہیم اشرف نے زمبابوے کیخلاف 9،9 شکارکر کرکے ترقی پائی ہے ، شاداب خان اب 53ویں سے 31ویں اور فہیم اشرف 149ویں سے79ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

باو لرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ پہلے ، افغان لیگ سپنر راشد خان دوسرے اور پاکستانی سپیڈ سٹار حسن علی تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ آل راونڈر کی فہرست میں سابق قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ پہلی اور بھارت دوسری پوزیشن پر موجود ہے ،پاکستان 104پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے اور اسے چھٹی پوزیشن پر موجود عالمی چیمپئن آسٹریلیا پر 4پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔

 

 

 

 

 


ای پیپر