نواز شریف کیلئے پمزہسپتال کا کارڈیک سینٹر سب جیل قرار

30 جولائی 2018 (09:36)

راولپنڈی: سابق وزیر اعظم نواز شریف کیلئے پمزہسپتال کا کارڈیک سینٹر سب جیل قرار، چیف کمشنراسلام آباد نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف کیلئے پمزہسپتال کا کارڈیک سینٹر سب جیل قرار، سابق وزیر اعظم کی ہسپتال میں سیکیورٹی کی ذمہ دار اسلام آباد پولیس ہوگی۔ نواز شریف کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس میں لے جایا گیا۔ انہیں انتہائی سخت سیکیورٹی میں پمز منتقل کیا گیا ان کے معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ رہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم کی اتوار کی صبح اڈیالہ جیل میں طبیعت بگڑ گئی تو پمز ہسپتال کے ایچ او ڈی ڈاکٹر نعیم ملک نے انہیں سی سی یو منتقل کرنے کی تجویز دی تھی۔ ڈاکٹروں کی جانب سے نواز شریف کا بلڈ ٹیسٹ کیا گیا تو ان کے خون میں کلاٹس کی نشاندہی ہوئی جس کے باعث ان کے خون کی روانی متاثر ہو گئی اور دونوں بازوں میں شدید درد اٹھا جبکہ ای سی جی بھی غیر تسلی بخش آئی۔

ڈاکٹر نعیم ملک نے میاں نواز شریف کو سی سی یو منتقل کرنے کی تجویز دی تو جیل حکام نے نگراں حکومت پنجاب سے رابطہ کیا جس نے نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔ اس حوالے سے اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی اور جیل کے اردگرد پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی جبکہ میڈیا کو بھی جیل سے دوکلومیٹر دور روک دیا گیا۔

ادھر پمز ہسپتال میں سیکیورٹی انتظامات بڑھا دیے گئے۔ وی آئی پی وارڈ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ سادہ کپڑوں میں پولیس کے جوان پمز کے مختلف حصوں میں تعینات ہیں جبکہ غیر متعلقہ افراد کو وی آئی پی وارڈ کے باہر اور اردگرد سے ہٹایا دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں