Khokhar Brothers, poor man, hut, illegal palace, Lahore, Firdous Ashiq Awan
30 جنوری 2021 (14:26) 2021-01-30

لاہور: معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کھوکھر صاحب! ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔

اپنی ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہی وہ کرپٹ لوگ ہیں جن کو رلانے کا وعدہ کپتان نے کیا تھا ، انہوں نے کہا کہ چیخنا چلانا اور رونا دھونا ان جرائم پیشہ ، قبضہ مافیا کا مقدر بن چکا۔

معاون خصوصی اطلاعات نے مزید کہا کہ قبضہ مافیا چیخ و پکار کے بجائے غریب کا درد بھی محسوس کرتا ، انہوں نے کہا کہ غریب کی جھونپڑی گرا کر ناجائز پیلس تعمیر کیا گیا ، قبضہ مافیا کی سرپرست جعلی راجکماری پھرتیاں دکھاتی رہی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر نے لاہور میں ایل ڈی اے کی جانب سے ان کا گھر گرائے جانے پر قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق پیش کی تھی۔

اپنے خطاب میں افضل کھوکھر نے کہا کہ مجھے بتایا جائے حکم امتناعی کے باوجود میرے گھر پر لاہور انتظامیہ نے حملہ کیوں کیا ؟ میرے گھر میں خواتین اور بچے موجود تھے انہیں ہراساں کیا گیا ، میرے بنیادی حقوق اور استحقاق مجروح کیا گیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ڈی سی لاہور ، پولیس اور ایل ڈی اے نے توہین عدالت کی ، افضل کھوکھر نے کہا کہ لاہور انتظامیہ کے خلاف تحریک استحقاق کی کارروائی کی جائے اور معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ساری کارروائی کے پیچھے پس پردہ سیاسی مقاصد تھے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ میرے گھر کے اردگرد گھر گرا دیئے گئے ، ہم اس زمین کے خریدار ہیں ریکارڈ موجود ہے۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے انکوائری کرائی تو ہم سرخرو ہوئے۔


ای پیپر