UN Secretary General, António Guterres, Pakistan, India, Kashmir
30 جنوری 2021 (08:47) 2021-01-30

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ مذاکرات کریں۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے 2021 کی پہلی پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی سے بات چیت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ثالثی کے لیے ، بطور اقوام متحدہ سربراہ ، خدمات دینے کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا کہ مسئلہ کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں ہے کیونکہ یہ واضح ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بھی فوجی تصادم نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لیے بڑی تباہی کا باعث ہو گا۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی کاروائیاں جاری ہیں۔ بھارتی فوج نے ضلع پلواما میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

مودی کی بے لگام فوج نے ترال کے علاقے میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں نہتے نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کیا۔ بھارتی فوج کا ضلع پلواما کے ساتھ ساتھ شوپیاں اور بارا مولا کے اضلاع میں بھی سرچ آپریشن جاری ہے۔ بھارتی فورسز نے گھر گھر تلاشی کے دوران لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ادھر آل پارٹیز حریت کانفرنس نے بھارتی بربریت کی شدید مذمت کی اور عالمی برداری سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوری 2015 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد مودی کے دور حکومت میں سولہ سو کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔


ای پیپر