شنیرا اکرم کی سی ویو پر ویڈیو، سوشل میڈیا پر واہ واہ
30 جنوری 2020 (22:22) 2020-01-30

کراچی:کراچی کے ساحل سمندر کی صفائی ستھرائی کے بعد سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کو سوشل میڈیا پر خراج تحسین پیش کیا جانے لگا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق پاکستانی کرکٹ کپتان وسیم اکرم نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں ساحل سمندرسے اپنی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ سی ویو کی صفائی کا منظر پیش کر رہے ہیں ۔

انہوں نے ویڈیو میں ساحل کی صفائی میں حصہ لینے والوں اور یہ قدم اٹھانے والوں کی حوصلہ افزائی اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ایسی صفائی ممکن ہے، اگر ہم سب اکٹھا ہو جائیں اور ایک قوم، پڑوسی یا محلہ دار ہونے کے ناطے سے کوئی بھی عہد کریں تو ہم یہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں اپنی اہلیہ، سرکاری ملازمین و افسران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مثبت اقدام کی ابتدا کی۔

انہوں نے خصوصا رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جو روز آکر یہاں کی صفائی کرتے ہیں۔وسیم اکرم کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی شنیرا اکرم کے قصیدے پڑھنے لگے۔

واضح رہے کہ پاکستانی سابق کھلاڑی، سوئینگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کراچی کے ساحل سمندر پر استعمال شدہ سرنج اور اسپتال کے فضلے کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا اورکراچی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ کلفٹن کا ساحل عوام کے لیے بند کر دیا جائے۔اس انکشاف کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی اور ساحل کی صفائی کا یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔


ای پیپر