شہباز شریف نے عمران خان کیخلاف نیا پنڈورا باکس کھول دیا
30 جنوری 2020 (19:16) 2020-01-30

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے برطانوی صحافی ڈیوڈ روز کا چیلنج قبول کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔ جمعرات کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈیوڈ روز اور ڈیلی میل کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا جس پر کوئنز بینچ ڈویژن نے اخبار اور صحافی کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

شہباز شریف کے وکیل الاسڈئیر پیپر کے مطابق رائل کورٹ آف جسٹس میں مقدمہ شروع ہونے میں 9 ماہ سے ایک برس لگ سکتا ہے، اخبار کی طرف سے معقول جواب نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کیا۔انہوں نے کہا کہ صحافی ڈیوڈ روز نے اخبار اور سوشل میڈیا پر شہبازشریف پر خورد برد کے بے بنیاد الزامات لگائے اور یہ آرٹیکل سیاسی مقاصد کے لیے شہبازشریف کے خلاف مہم کا حصہ تھا۔وکیل الاسڈئیر پیپر نے کہا کہ شہبازشریف کو اپنی ساکھ عزیز ہے، وہ ان مضحکہ خیز الزامات سے اپنا نام کلیئر کرائیں گے۔

شہباز شریف نے کہاکہ ڈیوڈ روز کے آرٹیکل میں الزامات جھوٹے اوربے بنیاد تھے، بغیر ثبوت کے الزامات لگانا سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش تھی۔ شہباز شریف نے کہا کہ من گھڑت اسٹوری عمران خان نیازی کی ہدایت پر چھاپی گئی، نیب اورنیازی کا گٹھ جوڑ نہ ہوتا تو میرے خلاف آشیانہ کیس نہ ہوتا، چیف جسٹس نے عدالت میں کہا کہ نیب بتائے شہبازشریف نے کہاں کرپشن کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نیب کا آج تک مجھے فارمل نوٹس نہیں ملا، نوازشریف کی زیر قیادت پاکستان میں کئی ترقیاتی منصوبوں میں سینکڑوں بلین بچائے تاہم عمران خان کے حواریوں نے جو کچھ کیا اس کا لندن ہائی کورٹ میں انصاف ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے دعویٰ 14 جولائی کو ان کے خلاف شائع ہونے والے آرٹیکل پر دائر کیا گیا ہے، آرٹیکل میں شہباز شریف پر برطانوی عوام کے ٹیکس کے پیسے کی خرد برد کا الزام لگایا گیا تھا۔خیال رہے کہ 14 جولائی 2019 کو برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو دی گئی امداد میں شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاو¿نڈ پنجاب کو دئیے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک جانب عالمی ترقیاتی منصوبوں کے لیے امداد دینے والا برطانوی محکمہ DFID سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر امدادی رقم کی بارش کرتا رہا تو دوسری جانب ان کا خاندان عوامی فنڈ کے ملین پاو¿نڈز منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کرتے رہے۔برطانوی اخبار کی رپورٹ پر شہباز شریف نے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا جبکہ اس رپورٹ پر برطانوی صحافی ڈیوڈ روز متعدد بار شہباز شریف کو مقدمہ کرنے کا چیلنج دے چکے ہیں۔


ای پیپر