فائل فوٹو

عمران خان 2020 میں خود ہی سب کچھ تحلیل کر سکتے ہیں، ماہرعلم نجوم
30 دسمبر 2019 (15:28) 2019-12-30

لاہور: ملک کی مشہور ماہر علم نجوم سامعہ خان نے پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2020 میں وزیر اعظم دلبرداشتہ ہو کر ممکنہ طور پر خود نظام تحلیل کر سکتے ہیں۔

سامعہ خان نے کہا کہ سن 2000 کی طرح آج بھی سات ستارے ایک ہی گھر میں ہیں دسمبر2019 میں تمام نشانیاں 2000 اور 1991 والی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 1991 میں جب سورج گرہن لگا تو نواز شریف کی حکومت دو تہائی اکثریت کے باوجود ختم ہو گئی تھی اس وقت نائن الیون ہوا تھا جس سے پوری دنیا ایک جنگ کی حالت میں چلی گئی تھی۔

ماہر نجوم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو داخلی خارجی خطرات رہیں گے۔ 2020 کے پہلے چھ ماہ ملک کیلئے انتہائی مشکل لگ رہے ہیں۔ عمران خان کو بہت محتاط رہنا پڑے گا کیوں کہ ایسے خطرات موجود ہیں کہ کہیں دلبرداشتہ ہوکر خود ہی سب کچھ تحلیل نہ کر دیں۔ سامعہ خان نے کہا کہ وزیراعظم کو اس وقت اپنی ساکھ بچانے کیلئے کوششیں کرنی پڑے گی۔ نواز شریف کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ان کا دور ختم ہوسکتا ہے لیکن سیاست ختم نہیں ہو سکتی۔

ماہر علم نجوم نے کہا کہ مریم نواز بھی جلد ملک سے باہر چلی جائیں گی اور 2020 کے آخری چھ مہینوں میں وہ اپنا آپ سیاست میں منوائیں گی۔ ماہر علم نجوم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادر کے متعلق کہا کہ ستاروں کی چالیں ماضی میں ان کے مخالف رہی ہیں اور 2020 کے پہلے تین ماہ ان کے کیلئے بہت اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مئی2020 تک ملک کیلئے بہت مشکلات ہیں، جب تک نومبر 2020 نہیں آئے گا حالات اونچ نیچ کا شکار رہیں گے۔


ای پیپر