Source : Yahoo

زرداری ووٹ دیکر دوستی کے تقاضوں کوپورا کریں:مولانا فضل الرحمن
30 اگست 2018 (21:58) 2018-08-30

اسلام آباد:متحدہ مجلس عمل کے صدر اور جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنا ووٹ استعمال کرتی توشہبازشریف کی وزارت عظمیٰ میں کامیابی یقینی تھی، امید ہے آصف زرداری ووٹ دیکر دوستی کے تقاضوں کوپورا کریں، حکومت سمجھ لے کہ معیشت کفایت شعاری سے نہیں بلکہ سنجیدہ اقدامات سے درست ہوگی۔

انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔ انتخابی نتائج کوتسلیم نہیں کرتے۔۔الیکشن کمیشن ناکام ہوچکا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی تمام جماعتوں نے ملکر کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمارے دو وفود پیپلزپارٹی کے پاس اور ان کے دو وفود ہمارے پاس آچکے ہیں۔میں نے آصف زرداری کومسلسل پیغام بھیجا ہے کہ اپنے نمائندے کودستبردار کروائیں۔کیونکہ دوامیدواروں سے اپوزیشن کونقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور حاصل بزنجوسمیت تمام جماعتوں نے میری حمایت کی ہے۔

پیپلزپارٹی سے بھی رابطے میں ہیں کہ ایک امیدوار پرمتفق ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے رہے ہیں یہ جمہوریت کا حسن ہے۔جمہوریت کے استحکام کیلئے پیپلزپارٹی سے طویل رفاقت رہی ہے۔ امید ہے کہ آصف زرداری دوستی کے تقاضوں کوپورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے کہا ہے کہ جس طرح ہمارے تمام فیصلے مشاور ت سے ہوتے رہے ہیں اس طرح یہ فیصلہ بھی مشاورت سے کیا جائے۔ اپوزیشن کی مشترکہ سوچ کے باعث ہی ہم اسمبلیوں میں گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنا ووٹ استعمال کرتی تومسلم لیگ ن کی وزارت عظمیٰ میں کامیابی یقینی تھی۔

تحریک انصاف بڑی جماعت نہیں بلکہ بڑ اگروپ ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملکی معیشت کوبہتر کرنے کیلئے یہ ہے کہ تجارت کرنا، محنت کرنا اور بہتر بجٹ بنانا ہوتا ہے۔ یہ نہیں کہ میں ایک روٹی کھاتا ہوں توآدھی کردوں گا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کہا جاتا رہا کہ ہم پاکستانی مسائل کوپاکستان وسائل میں رہتے ہی حل کریں گے۔ لیکن الیکشن میں کامیابی ملتے ہیں آئی ایم ایف سے قرض لینے کا بیان دے دیا گیا۔پھر کس طرح یہ اپنے نظریے کی ترجمانی کررہے ہیں۔

صرف کفایت شعاری سے معیشت درست نہیں ہوگی بلکہ سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کوہی اپنا حتمی امیدوار نامزد کررکھا ہے۔ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن ہی ہمارے امیدوار ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کوچاہیے کہ اعتزا ز احسن کے حق میں دستبردار ہوجائیں۔


ای پیپر