فوٹوبشکریہ فیس بک

خصوصی افراد کیلئے ریلوے کرایوں میں 25 فیصد رعایت ہے: شیخ رشید
30 اگست 2018 (16:12) 2018-08-30

کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کیلئے ریلوے کرایوں میں 25 فیصد رعایت ہے جبکہ ریلوے میں سفر کرنے والے 65 سال کے مسافر سے آدھا کرایا لیا جائیگا، کسی غریب کو ابھی بیدخل نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں شیخ رشید نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے 20 کروڑ عوام کی سواری ہے، کے سی آر پر صوبائی حکومت سے بات کریں گے، 75 سال سے زائد عمر کے افراد ریلوے میں مفت سفر کرسکیں گے، آن لائن بکنگ اور ٹریڈ کی بہتری کیلئے موبائل ایپلی کیشن 7 دن میں بن جائیگا۔

وزیر ریلوے نے دعویٰ کیا کہ 100 دن میں ریلوے کی حالت بدلی ہوئی ملے گی، مجھے 25 فیصد ٹریڈ اور فریٹ میں 100 فیصد اضافہ چاہیے، ای سی سی میں پنشن کا معاملہ لیکر جا رہے ہیں جبکہ ریلوے کو خسارے سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔

شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ ریلوے میں ملازمین کو پوری توجہ دوں، کے سی آر میں ریلوے کی جانب سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، آج بھی لوکوموٹو اور دیگر کیسز ہیں ، ریلوے میں بغیر میرٹ اور ٹینڈر کے کوئی چیز نہیں ہوگی، جب میں پہلے ریلوے میں آیا تھا تو اس وقت بھی 60 سے زائد لوکوموٹو کے کیسز تھے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کیلئے موبائل ایپلی کیشن پی ٹی آئی کے لوگ مفت بنا کر دے رہے ہیں، ملازمین کو بھی خوشحال کریں گے ، ریلوے کو بھی خسارے سے نکالیں گے، ہم اپنا پروگرام کابینہ میں لے کر جارہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام ریلوے ہسپتال پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت دیں گے، ہر صورت ریلوے کا خسارہ کم کریں گے۔ کراچی کے لوگوں سے وعدہ کرتا ہوں کے سی آر میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، کسی غریب کو گھر اور زمین سے دربدر نہیں کریں گے، قوم چار سے پانچ ماہ کی مہلت دے ریلوے کا سسٹم ٹھیک کروں گا جبکہ ریلوے میں مسافروں کا نہیں اصل مسئلہ ٹریڈ کا ہے۔


ای پیپر