فوٹو بشکریہ فیس بک

ملک کے چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان: محکمہ موسمیات
30 اپریل 2019 (10:05) 2019-04-30

لاہور: اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔ لاہور میں بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مالاکنڈ، مردان، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا میں پشاور، چترال اور دیر میں بھی ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور مری میں کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، سورج اپنی آب و تاب سے چمکنے لگا۔ محکمہ موسمیات نے کراچی شہر میں یکم سے تین مئی کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی کر دی۔ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ سکھر، نوابشاہ اور حیدرآباد سمیت اندرون سندھ میں بھی کڑاکے کی گرمی پڑے گی۔

بلوچستان میں تربت، لسبیلہ، سبی سمیت کئی علاقوں میں درجہ حرات 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان، گزشتہ روز گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں جیکب آباد 46، نوابشاہ، روہڑی، سکھر 45، رحیم یار خان، مٹھی اور لاڑکانہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


ای پیپر