اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کل کیا جائیگا
30 اپریل 2018 (17:34) 2018-04-30

اسلام آباد: اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ائیرپورٹ کا باضابطہ افتتاح کل کیاجائے گا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نئے ائیرپورٹ کا افتتاح کریںگے۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پہلی پرواز دن صبح گیارہ بجے نئے ائیرپورٹ پر اترے گی۔اسی دن ساڑھے بارہ بجے دوپہر قومی ائیرلائن کی پہلی پرواز کراچی کیلئے روانہ ہوگی۔مکمل پروازوں کا آغاز اگلے جمعرات سے ہوگا ۔سول ایوی ایشن حکام کے مطابق اس حوالے سے ملکی اور غیر ملکی ائیرلائنوں کو آگاہ کردیاگیاہے۔

یاد رہے کہ سات اپریل کو نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز نے کامیاب لینڈنگ کی تھی، اس موقع پر پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیا ن پہلی آزمائشی پرواز میں موجود تھے۔نیا ہوائی اڈہ انیس مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے جہاں پندرہ طیاروں کی پارکنگ سمیت دنیا کا سب سے بڑا طیارہ اترنے کی تمام ترسہولیات موجود ہیں ،ہوائی اڈہ پروازوں کے اترنے اور مسافروں کی سفری سہولیات کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے ۔


ای پیپر