حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں؟ عدالت
29 ستمبر 2020 (13:47) 2020-09-29

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ بتایا جائے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں؟

تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے وفاقی اور ڈریپ سمیت دیگر سے یکم اکتوبر کو جواب طلب کر لیا ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ مریضوں کی زندگی کا تحفظ کیا جانا ان کا آئینی حق ہے۔ بتایا جائے حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا تھا۔ یہ درخواست ایڈووکیٹ ندیم سرور کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جو غیر قانونی ہے، عوام پہلے مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہے، عدالت ادویات کی قیمتوں میں اضافی کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی کابینہ نے جان بچانے والی ادویہ سمیت دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔ وزارت صحت کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ جن ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے ان میں ہائی بلڈ پریشر، کینسر، امراض قلب کی ادویات و اینٹی ریبیز ویکسین شامل ہیں۔


ای پیپر