فوٹوبشکریہ فیس بک

زیبرا کراسنگ کے علاوہ سڑک پار کرنے والوں کا بھی چالان کیا جائے گا
29 ستمبر 2018 (13:08) 2018-09-29

لاہور: موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی لازم قرار دینے کے بعد اب پیدل چلنے والوں کے لیے بھی زیبرا کراسنگ کے استعمال کو لازم قرار دے دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کار اور موٹرسائیکل چلانے والوں کو زیبرا کراسنگ پر کھڑے نہ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پیدل چلنے والوں اور پیدل سڑک پار کرنے والوں کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ زیبرا کراسنگ کا استعمال کیا جائے بصورت دیگر چالان ہو گا۔

سٹی ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جو شہری زیبرا کراسنگ کے بغیر سڑک پار کرتا ہوا دیکھا گیا اس کا چالان کر دیا جائے گا۔ چالان کی رقم کا فی الوقت اعلان نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں عدالتی حکم کی روشنی میں حال ہی میں سٹی ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دے دیا۔ ہیلمٹ پہننے کو لازم قرار دیئے جانے کے لیے ہیلمٹ خریدنے والوں کی تعداد میں جونہی اضافہ ہوا ہیلمٹ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

شہریوں نے ہیلمٹ کی قیمتوں میں بے جا اضافے کی شکایت بھی کی جس کے بعد اب ہیلمٹ کی قیمتوں سے متعلق ایک فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ترجمان ضلعی انتظامیہ لاہور نے کہا کہ مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پابندی کی وجہ سے ہیلمٹ کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ پر ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی افسران کی میکلورڈ روڈ کے تاجروں سے میٹنگ ہوئی۔ اجلاس میں ہیلمٹ کی قیمتوں پر فیصلہ کیا گیا جس کے تحت لوکل ہیلمٹ 500 روپے میں فروخت ہو گا جبکہ امپورٹڈ ہیلمٹ کی قیمت 1150 روپے ہوگی۔ شہر کے مختلف پوائنٹس پر کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔


ای پیپر