ShahMehmood Qureshi,DGISPR,ISPR,Pakistan,India,Ayaz Sadiq,Foreign Office
29 اکتوبر 2020 (19:19) 2020-10-29

 اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک فوج کے ترجمان کی وضاحت کے بعد مزید کوئی گنجائش نہیں رہتی ،ہندوستان تو پاکستان کو نیچا دکھانے کیلئے ہمیشہ موقعے کی تلاش میں رہتا ہے اگر اس طرح کے بیانات دیے جائیں گے تو وہ یقینا انہیں استعمال کرے گا۔

 

 اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے وضاحت کر دی ہے ان کی وضاحت کے بعد مزید کوئی گنجائش نہیں رہتی،انہوں نے واضح کیا کہ ٹھوس موقف کے ساتھ گفتگو اور چیز ہے جبکہ خوشامدانہ پالیسی اور چیز ہے، میں نے کل بھی واضح کیا تھا کہ ایاز صادق کی گفتگو غیر ذمہ دارانہ تھی،اس غیر ذمہ دارانہ گفتگو کے بعد بھارت کا وہ ائرچیف جسے ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہٹایا گیا اس نے بھی چوڑے ہو کر بیانات دئیے ہیں۔

 

شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جسے دنیا بھر میں سراہا گیا ،پہلے ہم نے ہندوستان کو سبق سکھایا اور اس کے بعد تناؤ میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے اسے کہتے ہیں دانشمندی، بدقسمتی سے اگر اندر سے ہی ایسی بولیاں بولی جائیں گی تو اس سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف  ہرزہ سرائی کرنیوالوں کے بیانیے کو تقویت ملے گی جو انتہائی افسوس ناک ہے ۔

 

ان کے وضاحتی بیان سے تو یہی تاثر ملتا ہے کہ ایاز صادق، نہ چاہتے ہوئے کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل گئے انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا،ہندوستان تو پاکستان کو نیچا دکھانے کیلئے ہمیشہ موقعے کی تلاش میں رہتا ہے اگر اس طرح کے بیانات دیے جائیں گے تو وہ یقینا انہیں استعمال کرے گا،میں بس مختصراً یہی کہوں گا کہ ان کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے ، موقع محل سے ہٹ کر تھا،ان کے اس بیان نے پاکستان کی کوئی خدمت نہیں کی بلکہ نقصان پہنچایا ہے،میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں آگے بڑھنا ہے اور اس چیز سے اجتناب کرنا ہے جو غلطی ہو گئی اس کو دہرایا نہ جائے۔

 


ای پیپر