foreign-direct-investment-in-the-oil-and-gas-sector-increased-by-68-84
29 اکتوبر 2020 (07:38) 2020-10-29

اسلام آباد: ملک میں تیل وگیس دریافت کرنے کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 68.84 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر ستمبر 2020ء تک کی مدت میں تیل وگیس دریافت کرنے کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 67.2 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 68.84 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں تیل وگیس دریافت کرنے کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 39.8 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔

ستمبر 2020ء میں اس شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 32.9 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق پہلی سہ ماہی میں ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 31 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جولائی سے لے کر ستمبر 2020ء تک کی مدت میں ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 415.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 545.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔


ای پیپر