فائل فوٹو

لاہور میں آزادی مارچ کے استقبال کیلئے 10 مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے
29 اکتوبر 2019 (14:07) 2019-10-29

لاہور میں آزادی مارچ کے استقبال اور قیام و طعام کا حتمی شیڈول تیار، آزادی مارچ کے استقبال کیلئے شہر کے 10 مختلف مقامات پر استقبالی کیمپ لگائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ٹھوکرنیاز بیگ میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما آزادی مارچ کا استقبال کریں گے جبکہ منصورہ ملتان چونگی میں جماعت اسلامی پاکستان، کھاڑک سٹاپ سبزہ زار میں جے یو آئی (ایف)، چوک یتیم خانہ ملتان روڈ پر پاکستان پیپلز پارٹی، چوبرجی چوک میں پاکستان مسلم لیگ استقبال کریگی جبکہ اے این پی بھی معاونت کرے گی، داتا دربار پر جمعیت علمائے پاکستان، بتی چوک راوی روڈ پر جمعیت اہل حدیث پاکستان، شاہدرہ چوک پر جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام پاکستان مسلم لیگ، شاہدرہ سٹیشن پر پاکستان پیپلز پارٹی، مینار پاکستان پر جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت استقبال کرے گی۔

آزادی مارچ کے تمام قافلوں کا قیام مینار پاکستان، بادشاہی مسجد اور قرب و جوار کی مساجد و مدارس میں ہو گا، البتہ مرکز جن مہمانوں کے حوالے سے ہدایات دے گا ان کیلئے خصوصی طور پر جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مرکز راوی روڈ اور مرکزی دفتر جے یو آئی جامعہ مدنیہ کریم پارک میں قیام و طعام کا انتظام ہو گا۔ استقبالیہ کیمپوں، مینار پاکستان اور قافلے کے راستے میں مختلف مقامات پر آزادی مارچ کے شرکاء پر پھول نچھاور کئے جائیں گے اور شرکاء کیلئے کھانے اور پانی کا انتظام ہو گا۔

آزادی مارچ کے لاہور پہنچنے پر مینار پاکستان ( آزادی چوک پل) پر جلسہ عام ہو گا، جس سے مرکزی قائدین خطاب فرمائیں گے، قائدین کے خطابات کیلئے موبائل سٹیج کا بھی انتظام کیا گیا ہے، 30 اکتوبر کی صبح قافلوں کی روانگی مینار پاکستان سے ہو گی، روانگی کے وقت مرکزی قائدین کی تقاریر کیلئے سٹیج جمعیت اہل حدیث کے مرکزی دفتر کے سامنے قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


ای پیپر