Jamaat-e-Islami, current rulers, rule, Siraj ul Haq
29 نومبر 2020 (15:24) 2020-11-29

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی موجودہ حکمرانوں کو مزید حکومت کرنے کی اجازت نہیں دے گی، موجودہ حکومت کے ارد گرد ڈرگ اور چینی چور مافیا کے لوگ جمع ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ادویات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ عمران خان کی حکومت نے عوامی مسائل کم کرنے کی بجائے جھوٹ اور یوٹرن میں ریکارڈ قائم کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ، پی پی پی ، مسلم لیگ اور اے این پی ایک کشتی کے سوار ہیں، موجودہ حکومت امریکا اور آئی ایم ایف کی غلام ہے۔

کشمیر پر بات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وفاقی وزراء نے خود اعتراف کیا ہے کہ موجودہ حکومت نے کشمیر کاز کو تباہ کیا۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کے پیش نظر سراج الحق نے 2 ہفتوں کے لیے جلسے جلوس نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ادھر پاکستان میں عالمی وبا کے کیسز میں اضافے کا رجحان ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری تازہ اعداد وشمار کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران 43 مریض جابحق جبکہ 2 ہزار 829 افراد میں وبا کی تصدیق ہوئی۔ ایکٹیو کیسز کی تعداد 47 ہزار 390 تک پہنچ گئی ہے، 3 لاکھ 39 ہزار 810 مریض اب تک صحتیاب ہوئے ہیں۔

ملک میں 3 لاکھ 95 ہزار 185 مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں، سندھ میں 1 لاکھ 71 ہزار 595 ، پنجاب 1 لاکھ 18 ہزار 511 ، کے پی 46 ہزار 877 ، اسلام آباد میں 29 ہزار 782 وبا کا شکار ہوئے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 4 ہزار 637 ، بلوچستان میں 17 ہزار 101 ، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 682 مصدقہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔


ای پیپر