کرتار پور راہداری سے امن کی کھڑکیاں بھی کھلیں گی ‘نوجوت سنگھ سدھو
29 نومبر 2018 (17:50) 2018-11-29

لاہور: سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری سے امن کی کھڑکیاں بھی کھلیں گی ‘عمران خان نے 3ماہ میں وعدہ پورا کرکے اپنی قابلیت ثابت کر دی ‘ امید ہے دونوں ممالک راہداری کے ذریعے قریب آئیں گے۔

جمعرات کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے وطن واپسی پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے میرے خواب کو عملی جامہ پہنایا جس پر میں ان کا دل سے شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان یار ہیں دلدار ہیں، جو بات کہی پورا کرکے دکھایا۔نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ کرتارہور کوریڈور خوشحالی لائے گا اور عوام کے عوام سے تعلقات بہتر بنائے گا، کرتارہور بارڈر سے دیگر ہزاروں کھڑکیاں کھلیں گی۔

سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ کسی کی قابلیت کو دیکھنا ہے تو اسے 3 ماہ کا وقت دو، عمران خان نے 3 ماہ قبل جو وعدہ کیا اسے پورا کرکے دکھایا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرشمہ کردکھایا، فیروز پور اور امرتسر والا بارڈر کھلنے کا مطلب کراچی اور نئی دہلی کا ملنا ہے، امید ہے دونوں ممالک کرتار پور کوریڈور کے ذریعے قریب آئیں گے۔نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ دشمنی کی روش کا خاتمہ کرنا ہوگا، اس دفعہ بھی پاکستان سے جو محبت ملی اس کا شکر گزار ہوں۔

شہباز گل نے نوجوت سنگھ سدھو کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سدھو تنقید کے باوجود امن بانٹنے میں مصروف ہیں، شکر گزار ہیں کہ سدھو امن کا پیغام لے کر پاکستان آئے۔


ای پیپر