پاکستان اور بھارت کو امن کا کوئی موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے: شاہ محمود قریشی
29 نومبر 2018 (15:24) 2018-11-29

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو امن کا کوئی موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے ،کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں، سارک ممالک کا خطے میں اہم کردار ہے ، ہم مشرقی اور مغربی سرحد پر امن چاہتے ہیں،ماضی کو بھول کر مسائل کے حل کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔کرتارپور کوریڈور تقریب کیلئے پاکستان آنے والے بھارتی صحافیوں نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

بھارتی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان 70 سال سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑرہا ہے جس میں ہمارے 75 ہزار افراد شہید ہوئے اور 123 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ختم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں، خطے میں پائیدار ترقی امن سے وابستہ ہے، پاکستان اور بھارت خطے کے اہم ممالک ہیں، دونوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے، بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے پاکستان کے تمام ادارے اور جماعتیں متفق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشرقی اور مغربی سرحد پر امن چاہتے ہیں، ہم بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت مذاکرات سے مسائل حل کرسکتے ہیں، بات چیت کے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کو بھول کر مسائل کے حل کیلئے آگے بڑھنا ہوگا، کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل بات چیت سے چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت کو پائیدار امن کا کوئی موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے ، سارک ممالک کا خطے میں اہم کردار ہے۔


ای پیپر