نواز شریف ٗ مریم نواز کی وجہ سے کٹہرے میں ہیں : فواد چوہدری

29 مئی 2018 (21:43)


اسلام آباد: تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف آج اپنے بچوں کے پیسے جوڑنے کی حرص کی وجہ سے کٹہرے میں ہیں ۔


ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز ، نواز شریف کی وجہ سے کٹہرے میں نہیں بلکہ نواز شریف ان کی وجہ سے کٹہرے میں ہیں ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے بچوں نے 300 ارب روپے باہر رکھے، یہ بچوں کی حرص تھی جس نے نواز شریف کو آج کٹہرے میں کھڑا کیا، انہوں نے پیسے جوڑنے کی تمام حدیں پار کیں جس کی وجہ سے آج پورا خاندان ٹرائل کا سامنا کر رہا ہے۔


تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا قطعی طور پر غلط ہے کہ مریم نواز اس لیے کٹہرے میں ہیں تاکہ نواز شریف کو جھکایا جاسکے، مریم نواز اس وجہ سے کٹہرے میں ہیں انہوں نے اور ان کے والد نے پاکستان کے خزانے کو جو ان کے پاس امانت تھی اس میں بددیانتی کی ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کو جھوٹ بولنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی، انہوں نے پہلے کہا کہ ان کی بیرون ملک کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں اور بعد میں خود اعتراف کیا کہ ان کی سوا ارب سے زائد کی جائیداد ہے۔

مزیدخبریں