جہانیاں میں ایم پی اے نے مار مار کر شہری کا بھرکس نکال دیا
29 May 2018 (21:20) 2018-05-29

جہانیاں : مسلم لیگ ن چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے جہانیاں کے ایم پی اے نے گاڑی ٹکرانے پر شہری کی بھرے بازار میں مکوں گھونسوں سے دھلائی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جہانیاں کے ایم پی اے چوہدری کرم داد واہلہ کی گاڑی سے شہری اسلام گجر کی گاڑی ٹکرا گئی جس سے ایم پی اے چوہدری کرم داد واہلہ کی شہری اسلام گجر سے تلخ کلامی ہو گئی اور ایم پی اے نے اس کی مکوں گھونسوں سے دھلائی کر دی ۔اس حوالے سے ایم پی اے چوہدری کرم داد واہلہ کے ترجمان حسیب خالد جوئیہ کا کہنا ہے کہ ایم پی اے کرمد اد واہلہ کی گاڑی سے اس کے سیاسی حریف ایم این اے چوہدری افتخار نذیر کے دست راست اسلام گجر نے جان بوجھ کر ٹکرائی ہے جبکہ ایم پی اے کرم داد واہلہ نے اسلام گجر کو گاڑی خیال سے چلانے کا کہا تھا جس پر اسلام گجر نے ایم پی اے سے بدتمیزی کی تھی۔

یاد رہے کہ جہانیاں کے ایم پی اے چوہدری کرم داد واہلہ مسلم لیگ ن چھوڑ کرپہلے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ اور اب پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں ۔جبکہ اس حوالے سے ایم این اے چوہدری افتخار نذیر کے ترجمان عمیر علوی کا کہنا ہے کہ ایم پی اے کرم داد واہلہ نے ان کے ساتھی اسلام گجر پر تشدد کرکے زیادتی کی ہے۔


ای پیپر